ایک دو تین چار
سرگودھا ایئر بیس کے کنٹرول روم میں لگے وائر لیس سیٹ پر وقفے وقفے سے گنتی کی یہ آواز اُبھر رہی تھی ۔۔
آپریٹر اس اچانگ گنتی کا سگنل کچھ سمجھ نہ پایا اور پائیلٹ سے مخاطب ہوا "کیا تم کوئی گانا گنگنا رہے ہو ۔۔؟"
"نہیں ۔۔۔ شکاری پرندوں کو گِن رہا ہوں ۔۔" پائیلٹ نے اطمینان سے جواب دیا ۔۔
آپریٹر دوبارہ الجھن کا شکار ہو گیا "پرندے ۔۔؟؟ کیا تم دشمن کے ہنٹرز طیاروں کی بات کر رہے ہو۔۔؟"
"ہاں ۔۔۔۔ میرے لیئے یہ پرندوں کی مانند ہی ہیں ۔۔"
نوجوان پائیلٹ کے ہونٹوں پر ایک فاتحانہ مسکراہٹ اُبھری ۔۔
یہ 7ستمبر 1965 کی صبح تھی جب دشمن کے طیاروں نے سرگودھا ایئر بیس پر دھاوا بول دیا ۔۔ اور اپنے ملک کے دفاع کیلئے یہ نوجوان اپنے سکاڈ کے ساتھ نکلا تھا ۔۔ لیکن اُس وقت وہ نہیں جانتا تھا کہ آنے والی دنیا کی تاریخ اسے پاک فضائیہ کے ایک "فائٹر پائیلٹ" کے بجائے "قومی ہیرو" کے نام سے لکھے گی ۔۔
اس صبح کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس اکیلے نوجوان پائیلٹ نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن کے 5 جنگی طیارے مار گرائے تھے ۔۔ جن میں سے چار طیارے پہلے تیس سیکنڈ میں ہی مار گرانے کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا تھا ۔۔ اور اب اپنے جنگی طیارے سبیئر 86 کے کاک پٹ میں بیٹھا شکار ہونے والے دشمن طیاروں کو گنتی کر رہا تھا ۔۔
اس نوجوان ہوا باز کا نام محمد محمود عالم تھا ۔۔ جو 1965 کی پاک بھارت جنگ کا ہیرو کہلایا ۔۔
ایم ایم عالم کا خاندان تقسیمِ ہند کے بعد کراچی میں مقیم ہوا تھا ۔۔ ایم ایم عالم نے ابتدائی تعلیم کے بعد پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی اور 1965 میں بطور سکارڈن لیڈر سرگودھا ایئر بیس پر تعینات تھے جب دشمن نے پاکستان پر حملہ کیا ۔۔ لیکن اس جنگی کارنامہ نے جہاں افواجِ پاکستان کے حوصلے بلند کیئے وہاں پاکستان کی عسکری تاریخ میں جرات و شجاعت کی ایک نئی داستان رقم کی ۔۔
انہیں حکومتِ پاکستان کی طرف کی سے ستارہءِ جرآت اور ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ۔۔ اس عظیم کارنامے پر ان کا کہنا تھا کہ "ایک منٹ میں پانچ طیارے گرانا صرف ایک معجزہ ہے ۔۔ اور شاید اللہ تعالٰی نے میرے حب الوطنی کے جذبے کو دیکھتے ہوئے مجھے یہ موقع عطا کیا" ۔۔
انہوں نے پاک فضائیہ میں ایئر کموڈور کے عہدے تک ترقی پائی اور بعد ازاں ریٹائر منٹ لے کر اپنے اہل و عیال میں زندگی بسر کی ۔۔ 18 مارچ 2013 کی صبح پاکستانی تاریخ کا یہ عظیم ہیرو اس دنیا سے رخصت ہو گیا اور ان کے جسدِ خاکی کو جناح بیس کراچی میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا ۔۔
0 Comments